ماہ صفر کا چاند نظر آیا، مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مرکزی اہل حدیث رؤیت ہلال کمیٹی دہلی کا اعلان

عربی سال کا دوسرا مہینہ ماہ صفر کا چاند آج بتاریخ 18؍ستمبر 2020 بمطابق 29؍محرم الحرام 1442ھ کو نظر آیا۔ اس کی تصدیق مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مرکزی اہل حدیث رؤیت ہلال کمیٹی ہند نے اپنی ایک میٹنگ کے بعد اخبار کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق مرکزی اہل حدیث رؤیت ہلال کمیٹی دہلی کی یہ میٹنگ اہل حدیث منزل جامع مسجد دہلی میں منعقد ہوئی جس میں مرکزی اہل حدیث رؤیت ہلال کمیٹی دہلی کے اراکین نے ملک بھر سے حاصل ہونے والی شہادتوں اور گواہیوں کی بنیاد پر یہ اعلان کیا کہ کل مورخہ 19؍ستمبر2020ء بروز ہفتہ ماہ صفر 1442ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔
اس ماہ کی ابتداء کی مناسبت سے نوشتۂ دیوار اپنے قارئین کو مبارک باد پیش کرتا ہے اور انہیں ہر طرح کی بدعقیدگی سے دور رہنے کی تاکید کرتا ہے کیونکہ دور جاہلیت میں لوگ ماہ صفر کو منحوس سمجھتے تھے بلکہ موجودہ زمانے میں بھی بہت سے لوگ بدعقیدگی کے شکار ہیں جبکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس عقیدے کی نفی فرمائی ہے اور کہا ہے کہ بیماری خود بخود متعدی نہیں ہوتی، بدشگونی کی کوئی حقیقت نہیں ہے، نہ ہی مردوں پر الو بولتے ہیں اور نہ ہی ماہ صفر میں کوئی نحوست ہے۔ کوڑھی مریض سے ایسے ہی دور رہو جیسے شیر سے دور بھاگتے ہو۔(صحیح بخاری؍5387، صحیح مسلم؍2220)
آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ ماہ صفر کی وجہ تسمیہ کے بارے میں کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس ماہ میں اہل مکہ سفر کرتے تھے اور مکہ میں لوگوں کی تعداد ’’صفر‘‘ہوجاتی، کچھ کا خیال ہے کہ حرمت والے مہینے گزرنے کے بعد اس ماہ میں لوٹ کا بازار گرم ہوجاتا تھا اور چور اچکے لوگوں کو لوٹ کر ان کی جمع پونجی ’’صفر‘‘ کردیتے تھے۔ (دیکھئے: لسان العرب، از ابن منظور 4؍462۔463)

 1,160 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے