
یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے بہار کے ضلع مغربی چمپارن میں واقع جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ اور کلیہ عائشہ صدیقہ للبنات میں طلبہ و طالبات کے اشتراک سے حب الوطنی سے لبریز ایک شاندار پروگرام نہایت تزک و احتشام اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد کیا گیا۔پروگرام کا آغاز قمر الزماں سلفی کے دستِ مبارک سے پرچم کشائی سے ہوا۔ اس کے بعد نکہت اور ان کی سہیلیوں نے نہایت مترنم آواز میں قومی ترانہ ’’جن گن من ادھی نایک جئے ہے‘‘ پیش کیا۔ بعد ازاں طلبہ و طالبات نےگل ستارہ، شفاء وصی، روبینہ اور گلشن عبدالحکیم نے بالترتیب اردو، ہندی، انگریزی اور عربی زبانوں میں مختلف موضوعات پر مفید تقاریر پیش کیں، جن میں یومِ جمہوریہ کی اہمیت، اس کے اغراض و مقاصد اور آئینی تقاضوں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔اسی تسلسل میں صبیحہ اور ان کی سہیلیوں نے ترانۂ ہندی ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ انتہائی دلکش اور مترنم انداز میں پیش کیا، جسے سن کر حاضرین نے طالبات کو دل کھول کر داد دی اور دعاؤں سے نوازا۔
پروگرام کے ابتدائی خطاب میں مولانا علاء الدین فیضی نے تمام حاضرین کو یومِ جمہوریہ کی مبارک باد پیش کی اور بتایا کہ ادارے کے بانی مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی اور ذمہ دارِ اعلیٰ مولانا محمد اظہر مدنی کی جانب سے بھی یومِ جمہوریہ کی مبارک باد اور پیغام پہنچایا گیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یومِ جمہوریہ صرف پرچم کشائی اور مٹھائی کی تقسیم تک محدود نہ رہے، بلکہ ہم سب وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرنے کا عہد کریں۔
اس موقع پر جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ کے چیئرمین مولانا محمد اظہر مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم اس بات کا جشن منا رہے ہیں کہ ہمیں ایک مستقل اور جامع آئین نصیب ہوا ہے، جو تمام طبقات کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے دین پر عمل کرنے کی مکمل آزادی فراہم کرتا ہے۔
اپنے ٹیلی فونک خطاب میں مولانا نے مزید کہا کہ یومِ جمہوریہ کے موقع پر ہمیں تجدیدِ عہد کرنی چاہیے کہ ہم اتحاد و یگانگت کو مضبوط رکھیں گے، باہم شیر و شکر ہو کر رہیں گے اور کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جو آئینِ ہند یا ملکی سالمیت کے خلاف ہو، بلکہ وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قمر الزماں سلفی نے جامعہ کے بانی مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی اور چیئرمین مولانا محمد اظہر مدنی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ اور کلیہ اس علاقے میں علم کی شمع روشن کر کے نسلِ نو کو تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں، جو یقیناً لائقِ تحسین اور قابلِ مبارک باد ہے۔
اس موقع پر قریہ برندابن اور اطراف و اکناف سے تشریف لانے والی اہم شخصیات میں معروف سماجی کارکن عبدالسلام، علی حسین، شیخ کامل، انیس الرحمن، مطیع الرحمن، صدر عالم، قمر عالم کے علاوہ جامعہ کے اساتذہ اور کلیہ کی معلمات بھی شامل تھیں۔
305 total views
