مدارس اسلامیہ نونہالان قوم کے دلوں میں جذبۂ حب الوطنی کو پروان چڑھاتے ہیں: مولانا محمد اظہر مدنی

جنوبی دہلی میں واقع معہد علی بن ابی طالب لتحفیظ القرآن الکریم، جیت پور میں جشن یوم آزادی کاانعقاد نہایت تزک و احتشام کے ساتھ عمل میں آیا جس میں متعدد دینی ، علمی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت معہد کے رئیس مولانا محمد اظہر مدنی حفظہ اللہ نے فرمائی۔
پروگرام کاآغاز رئیس معہدمولانا محمد اظہر مدنی کے بدست پرچم کشائی کے ذریعہ ہوا۔ اس حسین موقع پر جامعہ کے ہونہار طلبا ء کی ایک ٹیم نے مترنم اور خوش کن آواز میں قومی ترانہ ’’جن گن من ادھی نایک جئے ہے‘‘ پیش کیا۔
بعد ازاں، جامعہ ازہر ہندیہ اور معہد علی بن ابی طالب لتحفیظ القرآن الکریم کے طلباء نے مشترکہ تعلیمی و ثقافتی پروگرام پیش کئے جس پر حاضرین نے بڑی خوشی کا اظہار کیا اور نونہالان کو اپنی دعاؤں سے نوازا اوران کے بہتر مستقبل کے تئیں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔معہد کے طالب علم محمد نوازش وزیر کی تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ، اس کے بعد محمد وسیم، پرویز عالم اور محمد احتشام نے ترانۂ ہندی نہایت مترنم آواز میں پیش کیا ، پھر معراج عالم عبدالحکیم نے اردو میں ،پرویز عالم محمد ہارون نے عربی میں، محمد احتشام عبدالمتین نے انگریزی میں اور ذوالفقار ابوطلحہ نے ہندی میںیوم آزادی کی مناسبت سے مختلف عناوین پر تقاریر پیش کیں اور وطن عزیز ہندوستان سے اپنی دیرینہ الفت و محبت کا اظہار کیا اور بتایا کہ کس طرح سے ہمارے آباء و اجداد نے وطن عزیز کے لئے قربانیاں دیں اور وطن کی تعمیر و ترقی میں فعال اور سرگرم کردار نبھایا۔اور کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی روشن تاریخ کو پڑھیں اور وطن کے تئیں الفت و محبت کا جذبہ نئی نسلوں تک منتقل کرتے رہیں۔ اس کے علاوہ بھی متعدد طلباء نے حمد، نعت، مکالمے اور تمثیلیہ پر مبنی متعدد مفیدپروگرام پیش کئے جنہیں حاضرین نے دل کھول کرسراہا اور ذمہ داران معہد کے حسن انتظام اور کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔


اس موقع پرعلاقہ کی معزز شخصیت حافظ محمد سلیم نے بھی خطاب کیا اور جامعہ ازہر ہندیہ کے طلباء کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ حضرات نے حب الوطنی اور دیش پریم پر مبنی جو پروگرام پیش کئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں، یہ دیش ہمارے اسلاف کی محنتوں سے آزاد ہوا ہے اور اس کی حفاظت بھی ہمارے کاندھوں پر ہے۔
گورنمنٹ اسکول کے ٹیچر مہربان علی صاحب نے اس موقع سے جامعہ و معہد کے طلباء کے ذریعہ پروگراموں کی تحسین فرمائی اور کہا کہ یہ سبھی پروگرام بڑے سلیقے اور قرینے سے تیار کئے گئے ہیں جو ادارے کے ذمہ داران اوراساتذہ کی قابلیت اورلیاقت پر دلالت کرتے ہیں۔ جامعہ کے بچے مسلم مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کرکے بہت بڑا کارنامہ انجام دے رہے ہیں کیونکہ ملکی پیمانے پر ہمارے مجاہدین کو فراموش کئے جانے کی منظم کوشش ہورہی ہے۔
جامعہ کے رئیس مولانا محمد اظہر مدنی نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور قوم و ملت کو یوم آزادی کی مبارک بادی پیش کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں آزادی بے پناہ قربانیوں کے بعد ملی ہے،ہمارے اسلاف نے اس کے لئے تن من دھن کی بازی لگائی اور اس کے لئے قربان ہوئے اور سب دھرم اور مذہب کے لوگوں نے کاندھے سے کاندھا ملاکر اس جنگ میں شرکت کی،تب جاکر ہمیں آزادی نصیب ہوئی۔ اس لئے ہمیں مذہبی رواداری کو بحال رکھتے ہوئے متحدہ طور پر وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لئے کوششیں کرتے رہنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری کوششیں زیادہ ثمر آور اور نتیجہ خیز ہوسکیں۔
مولانا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ مدارس اسلامیہ دینی قلعے تو ہیں ہی لیکن یہ دیش پریم اور وطن محبت کی بھی تعلیم دیتے ہیں۔مدارس وطن سے الفت و محبت کی تعلیم دیتے ہیں اور اپنے نونہالوں کو پرامن شہری بننے کی تاکید کرتے ہیں تاکہ یہ دیش کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردارادا کرسکیں۔
اس پروگرام میں جن شخصیات نے شرکت کی ان میں سعیدالرحمن سنابلی، مولانا رئیس الاعظم فیضی،مولانا ضیاء الرحمن منصف تیمی، وسیم ریاضی، محمدنسیم فیضی، اسد اللہ ریاضی ، اسداللہ تیمی، ماسٹر اشفاق صاحب، قاری عبدالرحمن ثاقبی، حافظ محمد خالد، رضوان صاحب، امان اللہ صاحب، ریان صاحب وغیرہم اہم اور قابل ذکر ہیں۔

 193 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے