آئی پی ایل کے تیرہویں سیزن کا آغاز، پہلے میچ میں دھونی کی چنئی سپر کنگس نے ممبئی انڈینس کو پٹخنی دی

آج آئی پی ایل کے تیرہویں سیزن کی شروعات ہوئی۔ ابتدائی میچ چنئی سپرکنگس اور ممبئی انڈینس کے درمیان کھیلا گیا۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی سنگینی کے چلتے آئی پی ایل کا یہ سیزن یواے ای میں کھیلا جارہا ہے۔ اس افتتاحی مقابلے میں چنئی سپرکنگس نے ممبئی انڈینس کو پانچ وکٹوں سےشکست دے دی اور یہ آٹھواں ایسا موقع ثابت ہوا کہ جب ممبئی انڈینس نے اپنا افتتاحی میچ گنوایا ہے۔اس سے پہلے ٹاس چنئی سپرکنگس کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے جیتا اور ممبئی انڈینس کو بلے بازی کی دعوت دی۔ ممبئی انڈینس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چنئی سپرکنگس کو 163 رنوں کا ہدف دیا۔ ممبئی کے لئے سوربھ تیواری نے سب سے زیادہ 42، کوینٹن ڈی کاک نے 33، کیران پولارڈ نے 18، سوریہ کمار نے 17 ، ہاردک پانڈیانے 14،روہت شرما نے12 رن ، کرونال پانڈیا نے 3، جیمس پیٹنسن نے 11، راہل چہر نے 2 اور جسپرت بومراہ پانچ رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ٹرینٹ بولٹ اس میچ میں اپنا کھاتہ نہیں کھول سکے اور پہلی ہی گیند پر چہر کے شکار بنے۔

 چنئی کی طرف سے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے لنگی اینگیڈی نے چار اوروں میں 38 رن دے کر تین وکٹ لئے۔ پیوش چاولہ اس میچ میں روہت شرما کو آوٹ کرنے کے ساتھ ٹربینیٹر ہربھجن سنگھ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے تیسرے گیندباز بن گئے۔رویندر جڈیجہ کچھ مہنگے ضرور ثابت ہوئے ، انہوں نے چار اوروں میں 42 رن دیئے لیکن اس کے ساتھ دو وکٹ لئے۔ چنئی کی بالنگ اور فیلڈنگ لاجواب رہی۔ فاف ڈوپلیسیس نے باونڈری پر دو شاندار کیچ لپکے ۔

ایک سو تیرسٹھ (163) رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری چنئی سپرکنگس کی شروعات بے حد خراب رہی۔ شین واٹسن اور مرلی وجے بہت جلد آوٹ ہوگئے۔ شین واٹسن نے پانچ گیندوں پر چار رن بناکر بولٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے تو مرلی وجے سات گیندوں پر محض ایک رن بناکر پیٹنسن کے شکار بنے۔اس کے بعد امباتی رائیڈو اور فاس ڈوپلےسیس نے چنئی سپرکنگس کی لڑکھڑاتی پاری کو سنبھالا اورسنچری سے زائد کی شراکت کی۔ امباتی رائیڈو نے شاندار نصف سنچری بنائی اور 48گیندوں پر 71 رن بناکر چہر کے شکار ہوئے۔ اس کے بعد روندرجڈیجہ نے پانچ گیندوں پر 10 رن بنائے۔ سیم کرن نے تابڑتوڑ 6 گیندوں میں 300 کے اوسط سے شاندار اٹھارہ رنوں کی دھواں دھار پاری کھیلی لیکن چنئی سپر کنگس کو ڈوپلےسیس نے جیت کے دہانے تک پہنچاکر ہی دم لیا۔ انہوں نے 44 گیندوں میں 58 رن بنائے۔ممبئی انڈینس کے لئے ٹرینٹ بولٹ نے تین اور دو گیندوں میں 23 رن دے کر ایک وکٹ، جیمس پیٹنسن نے چار اوور میں 27 رن دے کر ایک وکٹ، جسپرت بمراہ نے چار اوور میں 43 رن دے کر ایک وکٹ، کنال پنڈیا نے چار اوور میں 37 رن اور راہل چہر نے چار اوور میں چھتیس رن دے کر ایک وکٹ لئے۔ اس ابتدائی میچ میں ممبئی انڈینس کی گیندبازی اور فیلڈنگ سطحی رہی جس کی نشاندہی ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے میچ کے بعد انعامی تقریبات میں بات کرتے ہوئے کی۔

اس میچ میں مہیندر سنگھ  دھونی نے  دو کیچز لے کر آئی پی ایل میں بطور کیپر سو کیچز لینے کا ریکارڈ بنایا۔ آئی پی ایل میں بطور کیپرسب سے زیادہ کیچ لینے کا ریکارڈ دینیش کارتک کے نام ہے۔ انہوں نے 109 کیچز لئے ہیں۔

اس میچ کے  مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے امباتی رائیڈو کو سرفراز کیا گیا۔

نوشتۂ دیوار کے قارئین کو بتادیں کہ کل یعنی 20ستمبر 2020 بروز اتوار پنچاب اور دہلی کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

 1,401 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے