آسٹریلیا نے سڈنی میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھارت کو 51 رن سے ہرا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تین میچوں کے ونڈے سیریز کو بھی بھارت نے گنوا دیا ہے۔
میچ کے بعد وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن اپ بے حد مضبوط ہے اور انہیں یہاں کے وکٹ کی اچھی جانکاری ہے۔
اس مقابلے میں ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور لگاتار دوسرے میچ میں اسٹیو اسمتھ کے سنچوری کی بدولت بھارت کے سامنے 390 رنوں کا ہمالیائی ہدف رکھا۔ یہ آسٹریلیا کا بھارت کے مقابلہ ونڈے میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
ہدف کا پیچھا کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے بھی جم کر مقابلہ کیا۔ پہلے وراٹ کوہلی نے سیریش ایئر اور پھر کے ایل راہل کے ہمراہ نصف سنچوری کی شراکت نبھائی۔ اس کے بعد ہاردک پانڈیا اور راہل کے بیچ بھی نصف سنچوری کی شراکت ہوئی لیکن نائب کپتان کے ایل راہل کے آوٹ ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم لڑکھڑا گئی۔ 46 ویں اوور میں پیٹ کمنس کی پہلی دو گیندوں پر رویندر جڈیجہ اور ہاردک پانڈیا کے آوٹ ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان کی جیت کی امید ختم ہوگئی۔
بھارت نے 50 اوروں میں 9 وکٹ کے نقصان پر 338 رن بنائے۔ کپتان کوہلی نے سب سے زیادہ 89 اور نائب کپتان راہل نے 76 رن بنائے۔ اس کے علاوہ پانڈیا نے 28، جڈیجہ نے 28 اور سیریش ایئر نے 38 رن بنائے۔
اسمتھ کیریئر کے سب سے عمدہ فارم میں
آسٹریلیائی پاری میں اسٹیو اسمتھ نے اپنے 127ویں ونڈے مقابلے میں گیارہویں سنچوری بنائی۔ انہوں نے 64 گیندوں پر 104 رن بنائے۔ انہیں ہاردک پانڈیا کی گیند پر محمد سمیع نے لپکا۔
اسمتھ 2020 میں اپنے کیریئر کے سب سے عمدہ فارم میں ہیں۔ اس سال اسمتھ نے اب تک 9 میچوں میں تین سنچوریوں کے ساتھ 561 رن بنائے ہیں۔ ان کا رن اوسط 70.125 کا رہا ہے۔
بھارت کے خلاف تو ان کی کارکردگی اور بھی بہتر رہی ہے جن نو میچوں میں وہ شامل رہے ہیں ان میں سے پانچ مقابلے بھارت کے خلاف کھیلے ہیں اور ان میں 109.5کے اوسط سے 438 رن بنائے ہیں۔
اسمتھ ونڈے مقابلوں میں بھارت کے خلاف ویسے بھی بہتر کارکردگی کرتے رہے ہیں۔ اب تک انہوں نے اپنے کیریئر میں 4371 رن بنائے ہیں ان میں سے 1116 رن بھارت کے خلاف ان کے بلے سے نکلے ہیں۔ اتنا ہی نہیں ان کا ونڈے کیریئر کا رن اوسط 46 سے کم ہے جبکہ بھارت کے خلاف یہ 65 سے بھی زیادہ ہے۔
بھارت کے خلاف اسمتھ نے اس سال 69،98،131،105، اور آج 104 رنوں کی پاری کھیلی ہے۔
سڈنی کے اس میچ میں اسمتھ کے علاوہ گلین میکسویل، ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر اور مارنس نے بھی نصف سنچوریاں بنائی ہیں۔ میکسویل نے 63، فنچ نے 60، وارنر نے 83 اور مارنس نے 70 رن جوڑے۔
ونڈے کرکٹ میں یہ محض دوسرا موقع ہے جب کسی ٹیم کے ابتدائی پانچوں بلے بازوں کا اسکور انفرادی طور پر 50 سے زیادہ رہا ہو۔
ہندوستانی گیندبازی لگاتار ناکام
بھارت کی طرف سے لگاتار دوسرے مقابلے میں کوئی بھی گیندباز اچھی کارکردگی نہیں کرپایا ہے۔ محمد سمیع نے اپنے 9 اوروں میں 73 رن دیئے جبکہ بومراہ نے 10 اوروں میں 79 رن دیئے۔ دونوں نے ایک ایک وکٹ لئے ، وہیں نودیپ سنگھ سینی نے 7 اوروں میں 70 رن، جبکہ چہل نے 9 اوروں میں 71 رن خرچ کئے۔ حالانکہ رویندر جڈیجہ اور ہاردک پانڈیا جیسے پارٹ ٹائم بالرس نے ریگولر گیندبازوں کے مقابلے میں تھوڑی عمدہ گیندبازی کی اور 6 رن فی اوور کے اوسط سے ہی رن خرچ کئے۔ جڈیجہ نے دس اوروں میں 60 جبکہ پانڈیا نے 4 اوروں میں 24 رن خرچ کئے۔
کوہلی کا 250واں ونڈے
یہ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کا 250واں مقابلہ تھا۔ اپنی 89 رنوں کی پاری کی بدولت کوہلی نے اب تک ونڈے میچوں میں 11977 رن بنائے ہیں۔ سچن تیندولکر کے بعد 12 ہزار رن بنانے والے دوسرے ہندوستانی اور پوری دنیا میں چھٹے بلے باز بننے سے وہ محض 23 رن اب دور رہ گئے ہیں۔
12 ہزار رن بنانے والے بلے بازوں کے کلب میں سچن تیندولکر 18426، رکی پونٹنگ 13704، کمار سنگارا 14234، سنت جے سوریہ 13430 اور مہیلا جے وردھنے 12650 شامل ہیں۔
1,353 total views