پریس ریلیز
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے معروف معالج اور وزارت صحت وخاندانی بہبود حکومت ہند کے شعبہء آیوش کے سابق ڈپٹی ڈائرےکٹرحکیم عبدالحنان سلفی صاحب کے سانحہء ارتحال پر گہرے رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے اوران کی موت کو ملک وملت اورجماعت کا بڑاخسارہ قرار دیا ہے۔
امیرمحترم نے کہا کہ حکیم عبدالحنان سلفی صاحب جامعہ سلفیہ بنارس (مرکزی دارالعلوم) کے قدیم فارغ التحصیل تھے۔ دوران طالب علمی میں آپ کی سنجیدگی اوراعلیٰ درجے کی ذہانت معروف تھی۔ آپ نے طبیہ کالج اے ایم یو سے بی یوایم ایس کی ڈگری حاصل کی اور آپ ایک طویل مدت تک سی سی آریوایم سے وابستہ رہ کر خدمت خلق انجام دےتے رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی دہلی میں ہی مقیم رہے۔ آپ کا آبائی وطن رسول پور ضلع بستی اترپردیش ہے۔ حکیم صاحب نہایت خلیق ،متواضع ،ملنسار اورنفیس ونستعلیق انسان تھے۔ اپنے بہتر اخلاق وکردار کی وجہ سے ہرطبقے میں مقبول تھے۔جماعتی کاز سے بھی دلچسپی رکھتے تھے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیراہتمام آل انڈیا ریفریشرکورس برائے ائمہ، دعاة ومعلمین میں طب وصحت سے متعلق آپ کے بعض محاضرے بھی ہوئے تھے۔ ادھر پندرہ دنوں سے کافی علیل تھے اور دہلی کے اسکاٹ ہاسپٹل میں ایڈمٹ تھے۔ کل مورخہ 2جولائی2020 کو 12بجے دن میں داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ اورآج گیارہ بجے دن میں دہلی گیٹ قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ پسماندگان میں بیوہ، دوصاحبزادے اور ایک صاحبزادی ہیں۔
اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، جنت الفردوس کا مکین بنائے اورپسماندگان کوصبرجمیل کی توفیق بخشے۔ آمین
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے دیگر ذمہ داران وکارکنان نے بھی حکیم صاحب کے انتقال پرگہرے رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے اوران کی بلندی درجات کے لئے دعا گوہیں۔
1,287 total views