جنرل سکریڑی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ وامیر امارت شرعیہ بہاروجھارکھنڈواڑیسہ مولاناسید ولی رحمانی کے انتقال پرمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی کا تعزیتی پیغام

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریڑی، امارت شرعیہ بہار وجھارکھنڈواڑیسہ کے امیراورخانقاہ رحمانیہ مونگیرکے سجادہ نشیں معروف عالم دین مولاناسید ولی رحمانی کے انتقال پر گہرے رنج وافسوس کااظہار کیا ہے اور ان کی موت کو ملک وملت کا بڑاخسارہ قرار دیا ہے۔
امیر محترم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا سیدولی رحمانی صاحب ایک عظیم دینی وعلمی خانوادے کے چشم وچراغ تھے۔ انہوں نے خانقاہ رحمانیہ مونگیر،امارت شرعیہ بہاروجھارکھنڈواڑیسہ اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ وغیرہ متعدددینی، تعلیمی، سماجی اور سیاسی پلیٹ فارموں سے قوم وملت کی خدمت کی۔ وہ ملت کی مضبوط آواز سمجھے جاتے تھے۔ ان کی وفات سے ملت ایک ذہین وبیدار مغزشخصیت سے محروم ہوگئی۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے، جنت الفردوس کا مکین بنائے۔ پسماندگان کو صبرجمیل کی توفیق بخشے اور مسلم پرسنل لا بورڈ، امارت شرعیہ بہارواڑیسہ،جامعہ رحمانیہ مونگیر وغیرہ اداروں کو ان کا نعم البدل عطافرمائے۔آمین
امیر محترم نے اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا کے اہل خانہ خصوصاً صاحبزادگان سید احمد ولی فیصل رحمانی وسیدحامدولی فہد رحمانی اور خانقاہ رحمانیہ،امارت شرعیہ، آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ وغیرہ اداروں کے ذمہ داران ومتعلقین سے قلبی تعزیت کی ہے۔

 1,995 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے