صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی کے زیر اہتمام عظیم الشان ’’خلفائے راشدین اور تحفظ انسانیت‘‘ کانفرنس کی تیاریاں مکمل، حسن آغاز کل

لکھنؤ: 12/نومبر2025ء
صوبائی جمعیت اہل حدیث، مشرقی یوپی کے زیر اہتمام عظیم الشان ”خلفائے راشدین اور تحفظ انسانیت“ کانفرنس کا آج مؤرخہ 13/نومبر2025ء کو تاریخی و تہذیبی شہر لکھنؤ کے الکبیر لان، اندھے کی چوکی، ہردوئی روڈ میں زیر صدارت مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہورہی ہے، جس میں پورے ملک خصوصاً اترپردیش سے اکابر علمائے کرام، دانشوران عظام،نامور خطباء و مقالہ نگاران اورملی تنظیموں کے سربراہان اور معززین شہر شریک ہوں گے۔کل چھ نشستوں پر مشتمل یہ کانفرنس نوبجے صبح تا دس بجے شب جاری رہے گی۔ یہ جانکاری صوبائی جمعیت اہل حدیث، مشرقی یوپی کے ناظم اعلیٰ اور کانفرنس کے کنوینر مولانا شہاب الدین مدنی صاحب نے اخبار کے نام جاری اپنے ایک بیان میں دی۔
مولانا شہاب الدین مدنی صاحب نے کانفرنس کی اہمیت و ضرورت واضح کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام خصوصا خلفائے راشدین انبیائے کرام کے بعد دنیا کے سب سے معزز و مکرم، ولی، برگزیدہ اور آسمانِ سعادت کے ماہ و نجوم تھے۔ انہوں نے دین و شریعت کے اسرار و رموز براہ راست اللہ کے رسول ﷺ سے سیکھا تھا اور وہ قول و عمل، اخلاق و کردار، تزکیہ و سلوک، انسانیت نوازی، امن و شانتی، بھائی چارہ، عدل و انصاف غرضیکہ ہر میدان میں اسوہ اور نمونہ تھے۔یہی وجہ ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے ہرحال میں ان کی اتباع کی وصیت فرمائی۔ آج جب کہ ملک و ملت اور انسانیت دہشت گردی، عدم برداشت،فرقہ وارانہ منافرت جیسے مختلف قسم کے مشکلات و مسائل سے دوچار اور راہ نجات کی متلاشی ہے،ضرورت ہے کہ خدمت و تحفظ انسانیت کے رول ماڈل صحابہ کرام خصوصاً خلفائے راشدین کے اسوہ اور نمونہ ہی زندگی کو وسیع پیمانے پرمتعارف کرایا جائے اور ان کی انسانیت نواز تعلیمات و عملی نمونہ کی روشنی میں دہشت گردی، شدت پسندی اور فرقہ وارانہ منافرت جیسے مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔صوبائی جمعیت اہل حدیث، مشرقی یوپی ان ہی مقاصد کے پیش نظر یہ کانفرنس منعقد کررہی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق اس کانفرنس میں ”خلفائے راشدین اور تحفظ انسانیت“ کے مرکزی عنوان کے تحت متعدد موضوعات پر معروف و مقتدر علمائے کرام و خطبائے عظام کے ایمان افروز خطابات ہوں گے اور معتبر مقالہ نگاران و دانشورانِ ملک و ملت تحقیقی مقالات پیش کریں گے۔توقع ہے کہ اس کانفرنس سے خلفائے راشدین کی مبارک زندگی کے مختلف گوشے واشگاف ہوں گے، خالص عقیدہ توحید اور کتاب و سنت پر عمل کے تئیں بیداری پیدا ہوگی اور ملک و ملت اور انسانیت کو درپیش مسائل و مشکلات کو حل کرنے میں رہنمائی و مدد حاصل ہوگی اور تحفظ انسانیت و احترام آدمیت کے کاز کو تقویت ملے گی۔

 611 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے