یوم جمہوریہ ہمیں آئین ہند کی پاسداری کی یاددہانی کراتا ہے:مولانا محمد اظہر مدنی

نئی دہلی (۲۵/جنوری ۲۰۲۱):
جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیۃ سوسائٹی کے دیگر مراکزاور شاخوں کی طرح جنوبی دہلی میں واقع اقرا انٹرنیشنل اسکول میں بھی ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ و معلمات، طلباء، اسکول کے ذمہ داران اور بچوں کے گارجینس اور متعدد معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء نے گوگل میٹ پر منعقد اس پروگرام میں تعلیمی، ثقافتی، علمی، اصلاحی، دستور کی بالادستی،قانون کی پاسداری اور حب الوطنی پر مبنی مختلف ومتنوع پروگرام پیش کئے۔ صباقدوس کلاس ششم، مریم ہدیٰ کلاس سوم اور عدنان سعید کلاس دوم نے باری باری تلاوت کلام پاک پیش کیا۔نورصبا اور علیین احمد نے اردو اور انگریزی زبانوں میں بالترتیب تقریریں پیش کیں اور بہت ہی خوبصورت اور مدلل انداز میں یوم جمہوریہ کی حقیقت و اہمیت کو ویبینار میں پیش کیا۔ اس پروگرام میں عدنان ندیم کلاس پنجم اور محمد آصف نے ترانۂ ہندی و قومی پیش کیا اور اپنی سحر انگیز آواز اور حب الوطنی سے سرشار کلام سے بے حد متاثر اور محظوظ کیا۔مدیحہ علی چوہان کلاس ہفتم اور ہماعلی چوہان کلاس ششم نے ذرا یاد کرو قربانی….. قومی گیت کو نہایت مترنم انداز میں پیش کیا جس کی اثر آفرینی سے تمام ناظرین و سامعین بے حد مسرور ہوئے۔
ویبینار میں شریک اسکول کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی نے بچوں، گارجینس، اساتذہ و معلمات اور ذمہ داران کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم جمہوریہ ہم بھارت واسیوں کے لئے بہت ہی پرمسرت اور لائق فخردن ہے۔ اس دن ہمارے ملک کو ایک مستقل آئین نصیب ہوا۔ ہمارے اکابرواسلاف نے وطن عزیز کا جو آئین مرتب کیا تھا، اس کی روح سیکولرزم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وطن عزیز میں مختلف رنگ و نسل اور مختلف مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں۔ موہن کا چولہا زید کے چولہے سے آگ لے کر جلایا جاتا ہے۔ موجودہ وقت میں اس اسپرٹ اور روح کو مزید مستحکم ڈھنگ سے باقی رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے ملک میں قومی یکجہتی اور مذہبی رواداری جیسے خوشنما احساسات کومزید فروغ حاصل ہوسکے اور ہمارا ملک مزیدروبہ ترقی ہو اور ہم صحیح معنوں میں آزادی کے فوائد اور خوشیوں سے شادکام ہوسکیں۔قانون کی بالادستی اور اس کی حفاظت ہرشہری کی ذمہ داری ہے وہ جس قدر اس سلسلے میں باہوش،فکرمند اور باعمل ہوں گے اسی قدر دیش ہمہ جہت ترقی کی طرف بڑھے گا اور ہر میدان میں قوت و استحکام حاصل ہوگا۔
ڈائریکٹر موصوف نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ اور اس کے ماتحت چلنے والے تمام تعلیمی مراکز میں ہرسال قومی تہواروں کو نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا رہا ہے۔ آج چونکہ کووڈ -۱۹ جیسی مہاماری کی وجہ سے دہلی میں اسکول بند ہیں تو آج ہم یہ پروگرام آن لائن منعقد کررہے ہیں اور آزادی کے جیالوں اور اپنے آباء و اجداد کی محنتوں کی ستائش کرتے ہوئے اس تاریخی دن کی اہمیت اور جمہوریت و دستور کی قدرو قیمت اور ضرورت کو نئی نسل کے دلوں میں جاگزیں کررہے ہیں۔ڈائریکٹر موصوف نے اس موقع پر تمام اہل وطن اور اسکول کے وابستگان کویوم جمہوریہ کی دلی مبارک باد پیش کی۔اور یہ امید ظاہر کی کہ سارے بھارتی اسی ولولے اور جذبے کے ساتھ دیش کو ہمہ جہت ترقی دینے میں اپنا حقیقی کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس پروگرام سے اسکول کے کوآرڈنیٹر سعیدالرحمن سنابلی نے بھی خطاب کیا اور انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں طلباء کو بہت ساری مفید نصیحتیں کیں۔ ہندوستانیوں کے لئے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ ہم میں سے ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ وطن عزیز سے محبت کرے، اس کے آئین کو اپنے ماتھے کا جھومر بنائے، اس کی ترقی کے لئے ہر ممکنہ کوشش کرے اور کوئی ایسا کام نہ کرے جس سے وطن کی قوت و رفعت پر آنچ آئے
اس پروگرام میں اسکول کی معلمات میں مہوش خان، صبحی ممتاز، فردوس،عاکفہ سعید،شبنم طفیل،شابانہ اور شاہانہ تبسم وغیرہ موجود رہیں اور طلباء کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔ پروگرام کے اخیر میں یوم جمہوریہ سے متعلق سوالات پر مبنی ایک آن لائن مسابقہ منعقد ہوا جس میں متعدد طلباء نے مشکل ترین سوالات کے صحیح جواب دئیے اور انعامات کے مستحق قرار پائے۔ان کے انعامات اسکول میں یوم جمہوریہ کے دن منعقدہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب میں دئیے جائیں گے۔

 1,577 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے