اقرا انٹرنیشنل اسکول کے زیر اہتمام مسابقہ تلاوت کلام پاک و ادعیہ ماثورہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
علاقہ جیت پور اور قرب و جوار کے درجنوں تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کی شرکت
نئی دہلی۔12/فروری 2025
جنوبی دہلی میں واقع مایہ ناز تعلیمی وتربیتی ادارہ اقرا انٹرنیشنل اسکول میں مسابقہ تلاوت کلام پاک اور حفظ ادعیہ ماثورہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جس میں علاقہ جیت پور و قرب و جوار کی مساجد میں قائم صباحی و مسائی مکاتب و دیگر تعلیمی اداروں ، اسلامی مدارس اور عصری اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے علاوہ مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شریک ہوکر قرآن پاک سے اپنی الفت و محبت اور وارفتگی کا ثبوت دیا۔
پریس ریلیز کے مطابق مسابقہ تین زمروں میں منقسم تھا جس میں حکم کے فرائض معتبر حفاظ کرام اور قرائے عظام نے انجام دیئے۔پہلے زمرے میں عصری اداروں کے طلبہ نے شرکت کی اور زمرۂ دوم میں عربی مدارس کے طلبہ نے شرکت کی تو زمرہ سوم عام مرد و خواتین کے لئے مختص تھا۔
اس مسابقہ کے اختتامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اقرا انٹرنیشنل اسکول کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی نے کہا کہ یقینا قرآن کریم وہ کتاب رشد وہدایت ہے جو لوگوں کوباہمی الفت و محبت اور اتحاد و یگانگت کی تعلیم دیتا ہے۔ اس کتابِ عظمت کی تعلیمات کو اپنےسینہ سے لگاکراگر اسے ہم اپنی زندگی میں بسالیتے ہیں تو یقین جانئے کہ ہم اپنی کھوئی ہوئی عظمت کو بازیافت کرسکتے ہیں اور زندگی کے ہر گوشے میں کامیابی کے پرچم بلند کرسکتے ہیں۔
مولانا نے مزید کہا کہ اقرا انٹرنیشنل اسکول کا امتیاز ہے کہ وہ اس طرح کے دینی پروگراموں کو منعقد کرتا رہتا ہے تاکہ لوگوں کا دین اسلام سے مضبوط رشتہ قائم کیا جاسکے اور نونہالان قوم و ملت کے اندر کتاب و سنت کے تئیں بیداری پیدا کی جاسکے۔مولانا نے اس مسابقہ میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات اور مرد و خواتین کو مبارک باد پیش کی اور ان کے بہتر مستقبل اور دین و دنیا میں کامیابی کے لئے نیک دعائیں دی۔
اس پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے اس مسابقہ کے کنوینر مولانا سعید الرحمن نورالعین سنابلی نے کہا کہ اس مسابقہ کو منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ نئی نسل کا رشتہ قرآن مجید سے استوار کیا جاسکے کیونکہ قرآن پاک ہی وہ کتاب ہدایت ہے جس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم دین و دنیا میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
آپ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ اس پروگرام میں شرکت کرنے والے طلبہ کی کارکرگی خوش کن ہے۔اس پروگرام میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات کو دوسرے جلسہ سیرۃ النبیﷺ میں تشجیعی انعامات سے نوازا جائے گا جس کا انعقاد اقرا انٹرنیشنل اسکول کے گراونڈ میں بتاریخ 16؍فروری 2025ء بروز اتوار عمل میں آئے گااوراس جلسہ سیرۃ النبی ﷺ میں معہد علی بن ابی طالب لتحفیظ القرآن الکریم سے فارغ ہونے والے حفاظ کرام کی دستار بندی اور تکریم بھی کی جائے گی ۔
اس اختتامی پروگرام میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں قاری عبدالرحمان ثاقبی، قاری امروز مظاہری، مولانا ایاز احمد بخاری، مولانا عبداللہ سلفی، قاری محمد خالد وغیرہ اہم اور قابل ذکر ہیں۔
524 total views