اقرا انٹرنیشنل اسکول،جیت پور میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے پرمسرت و پرمغزورچول تعلیمی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد

نئی دہلی
جنوب مشرقی دہلی میں واقع اقرا انٹرنیشنل اسکول، جیت پور میں 73ویں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے آن لائن رنگارنگ تعلیمی و ثقافتی پروگرام منعقد ہوا جس میں طلباء اور گارجینس کی بھاری تعداد نے شرکت کی اور بچوں کے پروگرام سے لطف اندوز ہوئے۔ واضح رہے کہ دہلی کے سارے اسکول تقریباً دو سالوں سے کووڈ -19 کی وجہ سے بند ہیں، اس موقع پر بھی اقرا انٹرنیشنل اسکول اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو کامیابی کے ساتھ آن لائن جاری رکھے ہوئے ہے جس میں طلباء اپنی علمی تشنگی بجھارہے ہیں اور اساتذہ و معلمات کے دروس سے بہم مستفید ہورہے ہیں۔چنانچہ دو سالوں میں آنے والے سبھی قومی تہواروں کو طلبائے اسکول نے ورچول منایا ہے۔ اس سلسلہ میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے آج بھی نہایت شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں ساتویں کلاس کی طالبہ رقیہ نے سورہ ملک کی ابتدائی دس آیتوں کی تلاوت و ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد ساتویں کلاس کی ایک طالبہ صفیہ نے چند حدیثیں مع اردو و انگلش ترجمہ پیش کیا۔پھر طلباء و طالبات نے مختلف زبانوں اردو، ہندی، انگریزی اور عربی میں تقاریر پیش کیں۔ ان کے علاوہ نویں کلاس کی ایک طالبہ سارہ نے یوم جمہوریہ کی تاریخی حیثیت پر انگریزی زبان میں روشنی ڈالی تو مریم ہدیٰ نے ہندی زبان میں خواتین مجاہدات کا تذکرہ کیا۔ نورصبا نے عربی میں اور عفان احمد نے اردو میں تقاریر پیش کیں جن پر سامعین و سامعات نے اسکولی بچوں کو خوب داد و تحسین سے نوازا۔ اس کے علاوہ تیسری کلاس کے ایک طالب عدنان سعید نے مشاہیر مجاہدین آزادی کے ڈائلاگس کو اپنے مخصوص انداز میں پیش کیا، چھٹی کلاس کی حذیفہ اور ان کی سہیلیوں کے گروپ نے ”سارے جہاں سے اچھا، ہندوستان ہمارا“ کو انتہائی مترنم آواز میں پیش کیا۔ ساتویں کلاس کی طالبہ ثانیہ پروین اور ان کی سہیلیوں نے اقرا اسکول کا ترانہ نہایت دلکش اور مطربانہ آواز میں پیش کیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے مینیجر مولانا رئیس احمد فیضی نے کہا کہ کورونا مہاماری کی وجہ سے بچوں کی تعلیم پر حد سے زیادہ اثر پڑا ہے۔ بہت سارے ادارے بند ہوچکے ہیں، بہت سارے بچے تعلیم سے محروم ہیں لیکن آپ لوگ خوش نصیب ہیں کہ آپ کے محبوب اسکول میں آن لائن تعلیم دی جارہی ہے – آپ کے پاس آن لائن تعلیم کے انتظامات ہیں تو اس موقع کو غنیمت سمجھیں اور جو کچھ آپ کے اساتذہ و معلمات رہنمائی کریں، اسے گھروں میں پڑھیں اور اس وقفہ کو چھٹی سمجھنے کی بھول نہ کریں ورنہ گزرتے وقت کے ساتھ آپ کی عمر کا بہترین لمحہ چلا جارہا ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ کورونا مہاماری کے دور میں جبکہ تعلیمی ادارے بند ہیں تو والدین کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنے نونہالان پر خصوصی نظر رکھیں اور اساتذہ کی ہدایت اور گائڈلائنس کے مطابق اسباق و درسیات کو پڑھنے میں رہنمائی کریں۔
اسکول کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی نے اس ورچول پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے تمام طلباء وطالبات اور متعلقین اسکول کو مبارک باد پیش کی، پھر کامیاب پروگرام کے انعقاد پر اپنی خوشی و مسرت کا اظہار کیا کہ طلباء نے حب الوطنی پر مبنی متعدد پروگرام پیش کئے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے اسکول میں طلباء و طالبات کی کس نہج پر تربیت کی جاتی ہے،اس پر طلباء، اساتذہ اور انتظامیہ سب ہماری تعریف و تحسین کے مستحق ہیں۔ دراصل اسی طرح کی تربیت اور تعلیم کے ذریعہ وطن سے محبت اور اس کی خدمت کا جذبہ ابھرے گااور جب ملک ترقی کرے گا تبھی ہم آگے بڑھیں گے کیونکہ ہماری ترقی کا راز ملک کی تعمیر و ترقی کے مرہون منت ہے۔ مولانا موصوف نے یوم جمہوریہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک جمہوری ملک ہے اور اس ملک کی خمیر میں گنگا جمنی تہذیب شامل ہے۔ہمیں جہاں اپنے مذہب پر چلنے کی آزادی حاصل ہے، وہیں وطن کے تئیں ہم پر کچھ حقوق بھی عائد ہوتے ہیں، ہم پر ضروری ہے کہ ہم ان حقوق کی پاسداری کریں اور اس کی ترقی کے لئے خود اچھا اور بہتر شہری بنیں کیونکہ افراد سے ملک بنتا ہے تو ہم میں سے ہر ایک کو بہتر اور اچھا شہری بننا ہے۔اس کورونا کے ستائے ہوئے ہم میں سب سے زیادہ طلباء، اساتذہ اور انتظامیہ ہے پھر سارا ملک اور پوری انسانیت ہے۔آئیے اس وباء کو بھگانے کے لئے حکومتی، طبی اور شرعی ہدایات پر عمل پیرا ہوں اور روحانی و مادی طور پر اس کا علاج کرکے اسے دیش نکالا کرکے وشیو نکالا کردیں۔ اس ورچول پروگرام کی نظامت اسکول کی ٹیچر مہوش خان نے کی۔ اس کے علاوہ جن لوگوں نے اس پروگرام میں شرکت کی ان میں مولانا ضیاء الرحمن تیمی استاذ جامعہ ازہر ہندیہ، سعیدالرحمن نورالعین سنابلی کو آر ڈینیٹیر اقرا انٹرنیشنل اسکول،صبحی ممتاز اور آفرین صاحبہ قابل ذکر ہیں۔

 1,582 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے