نئی دہلی
آج ہم اپنے اسلاف کی عظیم قربانیوں کویاد کرتے ہوئے 73/واں یوم جمہوریہ منارہے ہیں۔جس نے ہم کو بلکہ ساری دنیا کواس بات کا یقین دلایا ہے کہ بھارت ایک ذمہ دارملک ہے اور بڑے اصولوں اور دستور کی بنیاد پر چلتا ہے اور اس میں یہ بھی سندیش اور پیغام ہے کہ ہم جس مہان دیش میں رہتے ہیں استعمارکے پنجۂ استبدادسے آزادی کے بعدہم شتربے مہارنہ ہوجائیں کہ کسی قانون وضابطہ کے پابندنہ ہوں اور ان فضاؤں میں اپنی لاٹھی اتنی نہ بھانجیں کہ دوسروں کی ناک بھی سلامت نہ رہ سکے۔ ہماری آزادی کادائرہ کاروہیں تک محدودہوگاجہاں سے دوسروں کی ناک اور ان کے حقوق متاثرنہ ہوتے ہوں۔ ہم نے اس کی تعمیر وترقی اور نعمت آزادی کی بقا وتحفظ کے لئے سر جوڑ کر اس کے آئین و دستور کو ترتیب دینے کی بڑی جاں گسل کوشش کی اوربڑے صبر وہمت اور علم ووسعت نظری کے ساتھ اس کو مدون کیا۔جس میں ملک کے ہر طبقے کو یکساں حقوق اور مواقع کی ضمانت دی گئی ہے جو اس ملک کو خوب صورت بناتا اور اتحاد ویک جہتی کی زریں لڑی میں پروتا ہے۔ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی نے کل مورخہ 26/جنوری کو اہل حدیث کمپلیکس اوکھلا،نئی دہلی میں واقع مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ میں قومی پرچم کشائی کے بعدتقریب میں موجود حاضرین سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔
امیر محترم نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے ان عظیم بزرگوں کی یاددلاتا ہے جنہوں نے آزادی وطن کی خاطر ہر طرح کی قربانیا ں پیش کیں،بے خانما برباد ہوئے اور تختہ دار کو گلے سے لگایااور ہمیں ایسا جامع دستور وآئین دیاجس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ دیش کے تمام باسی باہم ایک لڑی میں پرو کرکے اپنے آپ کو آ گے بڑھائیں، کچھ اس طریقہ سے زندگی گزاریں کہ رنگا رنگ تہذیبیں ایک خوشنما آئینہ خانہ نظر آئیں اور مختلف دھرم،مذہب وہاں ہواور رنگ ونسل ورنگ کے لوگ ایسے لگیں کہ سب ایک دیش کے باشندے ہیں اور ایک مقصد کے تحت سب آگے بڑ ھ رہے ہیں،جس سے دیش ترقی کرے اور دیش باسی پوری آزادی، پورے امن، پوری قومی یکجہتی اور بھرپوررواداری کے ساتھ ایک دوسرے کے شانہ بہ شانہ اس طریقے سے آ گے بڑھیں کہ دیش ترقی کی آخری منزلوں تک پہنچے۔
امیر محترم نے کہا کہ آج ہر ہندستانی بے حد خوش ہے او راس اہم موقع سے آ زادی کا جھنڈا لہراکر آزادی کے دنوں کو یاد کرتا ہے اور خاص طور پر اس عظیم دن کو جس میں ہمارا سنویدھان صحیح طریقے سے پاس ہو ا تھا۔ یوم آزادی سب کو مبارک ہو۔ ہم دعاکرتے ہیں کہ اللہ تعالی جل شا نہ وطن عزیز کو ہمہ جہت ترقی کے بام عروج پر پہنچائے،یہاں امن وشانتی اور روایتی قومی یک جہتی،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور کثرت میں وحدت کی روح برقرار رہے۔اور ہم نعمت آزادی سے ہمیشہ شادکا رہیں۔ہم ایک بار پھر تمام دیش واسیوں کو بہت بہت دھنیہ واد کہتے ہیں بہت زیادہ مبارکباد دیتے ہیں اورشبھ کامناؤں اور بہت ساری نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس موقع پرامیرمحترم کے ہاتھوں پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ اور راشٹریہ گان بھی پڑھا گیا۔اور کووڈ ہدایات اور سماجی دوری کا خاص خیال رکھا گیا۔شرکاء میں مولانا محمدہارون سنابلی ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند،مفتی جمیل احمد مدنی استاذ المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ،ڈاکٹرمحمدشیث ادریس تیمی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
577 total views