اقرا انٹرنیشنل اسکول، جیت پور میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب کا انعقاد

نئی دہلی

مشرقی دہلی کے علاقہ جیت پور میں واقع ایک معروف عصری ادارہ اقرا انٹرنیشنل اسکول میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے پرچم کشائی کی سادہ مگر پروقار اورشاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں ادارے کے ذمہ داران، اراکین اور اسٹاف کے علاوہ علاقے کی معزز علمی،سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔اس پر مسرت موقع پر مشہور سماجی شخصیت جواد حسین صاحب کے بدست قومی جھنڈا”ترنگا“ لہرایا گیا اور شرکاء کے درمیان شیرینی بھی تقسیم کی گئی۔ پرچم کشائی کی اس پررونق و شاندار تقریب میں جن اہم علمی، سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے شرکت فرمائی ان میں اسکول کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی، اسکول کے مینیجر مولانا محمد رئیس فیضی، المرکز الاسلامی الثقافی الہندی للترجمۃ والتالیف، جیت پور کے ریسرچ اسکالر مولانا محمد فضل الرحمن ندوی، اقرا اسکول کے کوآرڈی نیٹر سعیدالرحمن نورالعین سنابلی، جامعہ ازہر ہندیہ دہلی کے استاد مولانا ضیاء الرحمن تیمی، نوودے گورنمنٹ اسکول میٹھاپور کے ٹیچر عبداللہ سلفی، فہیم احمد سنابلی اور فاروق عبداللہ صاحب شامل تھے۔
اس موقع پرمولانا ضیاء الرحمن تیمی نے ترانہئ ہندی ”سارے جہاں سے اچھا، ہندوستاں ہمارا“ بہت خوبصورت اور خوش کن انداز میں پیش کیا، اس کے بعد اسکول کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی صاحب نے پرچم کشائی کی اس تقریب میں معزز حاضرین سے خطاب کیا اور یوم جمہوریہ اور ہندوستانی آئین کی خصوصیات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آئین کی روح سیکولرزم ہے جس میں ہر قوم و دھرم کے لوگ باہم شیر و شکر ہوکر رہتے ہیں،اسی جذبے سے سرشار ہوکرہم نے آزادی حاصل کی اور اسی جذبے سے سرشار ہوں گے تو ہمارا وطن پھر سے سونے کی چڑیا بن سکتا ہے اور چوطرفہ ترقی کرسکتا ہے۔مولانا موصوف نے مزید کہا کہ یوم جمہوریہ ہمارے لئے خوشی کا دن تو ہے ہی کہ اس دن ہمیں مستقل آئین نصیب ہوا اور ہم آئین کے لحاظ سے خود مختار ہوئے لیکن یہ دن اس بات کے عہد کا دن بھی ہے کہ ہم آئین پر چلنے اور اس کے مطابق زندگی گزارنے کا عہد و پیمان کریں۔ اس لئے کہ ہمارے مہان آئین سازوں کے خون جگر جلانے اور علوم و قوانین کی دنیا میں جان کھپانے اور وطن عزیز کی طبیعت و مزاج اوربو قلمونی اور رنگارنگی تہذیب کو صحیح معنیٰ میں جاننے اور پرکھنے کے صلہ میں دیا ہوایہ قانون ہماری قومی ترقی کا ضامن ہے اور جب بھی ہم اس کی روح اور اسپرٹ کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے ہم اپنا نقصان کریں گے اور دیش کو جانے انجانے میں پیچھے کردیں گے۔
مولانا محمد اظہر صاحب نے مزید کہا کہ ہمارا وطن ہندوستان سب سے پیارا وطن ہے۔ اس وطن کی مٹی میں ہمارے آباء و اجداد ک خون شامل ہے تب ہمیں آزادی اور پھر جمہوریت نصیب ہوئی لہذا ہمیں اپنے آباء و اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہئے اور کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہئے جس سے ہمارے وطن کی شبیہ خراب ہو، اس کی بدنامی ہو اور اس کی عظمت پر آنچ آئے- ہم سبھی ہندوستانیوں کو مل جل کر وطن عزیز کی ترقی کے لئے اپنے فرائض کو انجام دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارا ملک ترقی کرے اور ہم اس کے خوشحال شہری بن سکیں اوربڑی قربانیوں کے نیتجہ میں ملی ہوئی آزادی کا صحیح فائدہ اٹھاسکیں اور بھارت کا قانون بہتر ہے کا عملی ثبوت دے سکیں، اسی میں دیش کی ترقی اور وشیو میں اس تعریف کا راز مضمر ہے۔

 1,313 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے