کانگریس کے قد آور لیڈر احمد پٹیل کا انتقال

کانگریس کے سینئر لیڈر اور کانگریس صدر سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل آج تڑکے صبح ساڑھے تین بجے انتقال کرگئے۔ وہ کورونا سے متاثر تھے اور گروگرام کے میدانتا اسپتال میں زیر علاج تھے۔ 15 نومبر 2020ء کو انہیں اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا جہاں وہ آئی سی یو میں تھے۔ان کے بیٹے فیصل پٹیل نے ان کے انتقال کی خبر ٹویٹ کرکے دی۔ ان کے انتقال پر کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے غم کا اظہارکیا ہے۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے احمد پٹیل کے انتقال پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد پٹیل کے انتقال سے انہوں نے وفادار ساتھی کھودیا ہے۔ احمد پٹیل نے اپنی پوری زندگی کانگریس پارٹی کے لئے وقف کردی تھی۔ ان کی وفاداری، فرض کے تئیں عزم، مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہنا اورسخاوت ان کی کچھ ایسی خوبیاں تھیں جو ان کو دوسروں سے ممتاز بناتی ہیں۔ میں نے ایک ایسا کامریڈ اور دوست کھویا ہے جس کا کوئی بدل نہیں ہے۔ غم کے اس وقت میں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہوں اور ہر ممکن مدد کے لئے حاضر ہوں۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے احمد پٹیل کے انتقال پر ٹویٹ کے ذریعہ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد جی نہ صرف ایک ذہین اور تجربہ کار شخص تھے جن کے پاس ہمیشہ مشورے کے لئے وہ جاتی تھیں بلکہ وہ ایک دوست بھی تھے جو ہمارے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے۔ وہ ثابت قدم، وفادار اور قابل بھروسہ تھے۔ ان کے اس دنیا سے جانے پر بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔
کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے احمد پٹیل کی وفات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت دکھ بھرا دن ہے۔ احمد پٹیل کانگریس پارٹی کے اہم ستون تھے۔ وہ آخری سانس تک کانگریس کے لئے جیتے رہے اور ہر مشکل دور میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ وہ ایک عظیم اثاثہ تھے۔ ہم ان کی کمی ہمیشہ محسوس کریں گے۔ غم کی اس گھڑی میں میری تعزیت فیصل، ممتاز اور اہل خانہ کے ساتھ ہے۔
کانگریس کے میڈیا انچارج سندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ الفاظ نہیں ہیں۔ ہر چھوٹا بڑا، دوست، موافق، مخالف سب ایک ہی نام کا احترام کرتا تھا اور وہ تھا احمد پٹیل، وہ جنہوں نے ہمیشہ سچائی اور فرض نبھایا، وہ جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کو ہی خاندان مانا، وہ جنہوں نے ہمیشہ سیاسی لکیریں مٹاکر پارٹیوں پر چھاپ چھوڑی، اب بھی یقین نہیں آتا، الوداع ، احمد جی۔

 1,010 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے