جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ کے ذیلی اداروں میں یوم آزادی کی تقریبات نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کی گئی ، اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول کے سبززار پر پرچم کشائی کی گئی

نئی دہلی: 15/اگست 2020ء

                آج بتاریخ  15/اگست 2020ء کو اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول کے احاطہ میں یوم آزادی کا جشن منایا گیا جس میں علاقہ جیت پوراور دہلی کے دیگر علاقہ کے عمائدین، علماء اور دانشوروں کی چیدہ و محدود شخصیات نے شرکت کی۔ صبح نوبجے سب سے پہلے اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول کے ڈائریکٹر مولانا محمد اظہر مدنی نے پرچم کشائی جس میں باہر سے آئے ہوئے تمام مہمان شریک ہوئے۔بعد ازاں، مولانا محمد اظہر مدنی نے یوم آزادی کی مناسبت سے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے امن وآزادی کی نعمت اور انسانی زندگی میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سورہ قریش کی آیت ”وأطعمھم من جوع و آمنھم من خوف“ کی تلاوت کرکے انسان کے لئے نہایت بیش قیمت ان دونوں نعمتوں کی قدر و قیمت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قریش کو اللہ تعالیٰ نے کئی نعمتوں سے نوازا تھا جس کا ذکر سورۃ القریش میں آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان نعمتوں کے ضمن میں نعمت امن کا بھی تذکرہ کیا ہے جس سے اس کی غیرمعمولی اہمیت اور قدرو قیمت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و آزادی کتنی بڑی نعمت ہے اس کا اندازہ ہم اور آپ بخوبی لگاسکتے ہیں۔اگر امن و آزادی نہ ہو تو انسان کے لئے دوسری ہر نعمت بے معنیٰ ہے۔ اس لئے کہ امن کے فقدان کی صورت میں انسان کا جینا محال ہوجائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر ملک کی آزادی میں اسلاف کرام کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اسی آزادی کو پانے کے لئے ہمارے آباء و اجداد نے اپنی جانوں اور مالوں کی قربانی پیش کی۔حقیقت یہ ہے کہ اس ملک کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کرنے میں ہندومسلم، سیکھ عیسائی وغیرہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کا نمایاں کردار رہا ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتاہے اور آج بھی ملک کو درپیش کئی طرح کے خطرات اور چیلنجیز سے نمٹنے کے لئے ملک کے تمام طبقات کے تعاون اور قربانیوں کی ضرورت ہے تبھی ہمارا یہ محبوب وطن ہندوستان جنت نشان خطہئ ارض کا نمونہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تمام حاضرین اور تمام اہل وطن کو یوم آزادی کی پرخلوص مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔

            ڈائریکٹر موصوف کے خطاب کے بعد اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول جیت پور کی آٹھویں کلاس کی ایک طالبہ نورصباجو اپنے گارجین کے ساتھ پروگرام میں شریک ہوئی تھی،نے نہایت ہی دلکش اور مترنم آواز میں ترانہئ ہندی پیش کیا جس سے سامعین حددرجہ محظوظ ہوئے اور تعمیر و ترقیئ ہند کے لئے مخلصانہ اور سرفروشانہ محنت اور جدوجہد جاری رکھنے اور تمام ابنائے وطن میں امن و الفت اور اتحادکو روز افزوں فروغ دیتے رہنے کی ترغیب دی۔

            اس موقع پر لوک سبھا ٹی وی کے صحافی ڈاکٹرخالد اعظمی نے بھی حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی آزادی میں مدارس اور علمائے کرام کی قربانیوں کو یاد کیا۔انہوں نے ملک کی آزادی کے موضوع پر لکھی کئی کتابوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض کتابوں میں ملک کی آزادی کے لئے جانوں کی شہادت دینے والے پانچ ہزار علمائے کرام کے نام درج ہیں اور ان کے علاوہ ملک کی آزادی کے لئے جان نچھاور کرنے والے ہزاروں ایسے مسلمان ہیں جن کے نام رب کے پاس درج ہوچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یقینا ملک کی آزادی کے لئے تمام مذاہب کے ماننے والوں نے قربانیاں دی ہیں لیکن آج جس طرح مسلمانوں کی قربانیوں کو فراموش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ایسے میں ہمیں یوم آزادی کے ہر موقع پر اپنے اسلاف اور آباء و اجداد کی قربانیوں کو یاد کرنا چاہئے تاکہ ہماری نئی نسل ہمارے آباء و اجداد کے کارناموں سے واقف رہے۔

            اس موقع پر جشن آزادی کے پروگرام میں جن معزز شخصیات نے شرکت کی ان میں محمد مدنی، محمد فضل الرحمن ندوی، سعیدالرحمن نورالعین سنابلی، نسیم احمد، اردو نیوز پورٹل نوشتہ دیوار کے ایڈیٹر محمد فہیم سنابلی، محمد زاہد، محمد فاروق، محمد نواب وغیرہ کے نام خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

 3,277 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے