ملک میں جاری کورونا وائرس وبا کے درمیان ملک کے وزیراعظم نریندرکمار مودی نے قوم کے نام خطاب کیا اور اس موقع سے بہت ساری اہم باتی کہی ۔وزیراعظم نےاپنے خطاب میں اعلان کیا کہ پردھان منتری غریب فلاحی اسکیم کے تحت غریبوں کو ملنے والے مفت راشن کے پروگرام میں مزید پانچ مہینوں کے لئے توسیع کی جارہی ہے۔اب یہ اسکیم دیوالی اور چھٹ پوجا یعنی ماہ نومبر تک لاگو رہے گی جس کے تحت غریبوں کو پانچ کیلو گندم یا چاول اور ایک کیلو چنا مفت دیا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس اسکیم کو نومبر تک لاگو کرنے میں نوے ہزار کروڑکا اضافی خرچ آئے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پورے ملک میں کورونا وائرس وباپھیلی ہوئی ہے اور ہم ایسے موسم میں بھی داخل ہورہے ہیں جس میں مختلف طرح کی بیماریاں پھیلتی ہیں۔اس لئے ہر آدمی کو اپنا بہت زیادہ خیال رکھنا ہوگا اور اپنی حفاظت از خود کرنی ہوگی۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ان لاک ہونے کے بعد کچھ لوگ صحت سے متعلق حفاظتی اصولوں کو برتنے میں حد درجہ لاپرواہی سے کام لے رہے ہیں ، ہم پہلے ماسک لگانے، دوگز دوری بنائے رکھنے اور ہاتھ دھلنے کو لے کر بے حد محتاط تھے لیکن اب جبکہ احتیاط کی اور زیادہ ضرورت ہے، خاص طور سے کنٹین منٹ زون میں ،تو ایسی نازک صورت حال میں ہماری غفلت بڑھتی جارہی ہے،ایسے میں ہمیں غفلت برتنے والے لوگوں کو روکنا، ٹوکنا اور سمجھانا ہوگا۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وطن عزیز میں مقامی انتظامیہ کو چستی کا مظاہرہ کرنا ہوگاتاکہ لوگ حفاظتی اصولوں کو برتنے میں لاپرواہی سے کام نہ لیں۔ وزیراعظم نے اس بات کو زور دے کر کہا کہ ہمیں ایک بات ذہن نشیں کرکے چلنا ہوگا کہ ہندوستان میں چاہے کوئی پردھان ہو یا وزیراعظم قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ لاک ڈاون میں ہماری حکومت کی اولین ترجیح تھی کہ ملک میں کہیں بھی ایسے حالات نہ ہونے پائیں کہ کسی غریب کے گھر راشن کی قلت کی وجہ سے چولہا نہ جلے۔مرکزی حکومت، صوبائی حکومتوں، سول سوسائٹیوں سے وابستہ افراد نے اس بات کی بھرپور کوشش کی کہ اتنے بڑے ملک میں کوئی غریب بھائی بہن بھوکا نہ سونے پائے اور اس کے لئے سخت جدو جہد بھی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی پیمانے پر کوئی مصیبت ہو یا انفرادی سطح پر جب وقت پر سنجیدگی سے فیصلہ لیا جاتا ہے تو کسی بھی بحران سے نپٹنے کے لئے طاقت بڑھ جاتی ہے، اس لئے لاک ڈاون ہوتے ہی حکومت پردھان منتری غریب فلاحی اسکیم لے کر آئی۔ پچھلے تین مہینوں میں 20 کروڑ غریب گھرانوں کے جن دھن کھاتوں میں براہ راست 31 ہزار کروڑ روپے جمع کروادیئے گئے ہیں۔ اس دوران نوکروڑ سے زیادہ کسانوں کے بینک کھاتوں میں 18 ہزار کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں۔
قوم کے نام خطاب میں وزیر اعظم نے لاک ڈاون میں اپنی حکومت کے ذریعہ لئے گئے فیصلوں کی خوب تعریفیں کیں اور کہا کہ یہ بڑی بات ہے کہ ہندوستان میں لاک ڈاون کی مدت میں 80 کروڑ سے زائد لوگوں کو تین مہینے تک ہرفرد کے حساب سے پانچ کیلو گندم یا چاول مفت دیا گیا۔ ایک طرح سے دیکھاجائے تو امریکہ کی کل آبادی سے ڈھائی گنا زیادہ لوگوں کو ، برطانیہ کی آبادی سے بارہ گنا زیادہ لوگوں کو اور یورپی یونین کی آبادی سے تقریبا دوگنے سے زیادہ لوگوں کو ہماری حکومت نے مفت میں اناج دیا ہے۔
اس خطاب کے فورا بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے جون 2020 ء تک فری راشن دینے کا اعلان کیا جبکہ راہل گاندھی نے اس خطاب پر شہاب جعفری کا مشہور شعر ترمیم کے ساتھ نقل کرتے ہوئے حملہ بولا
تو ادھر ادھر کی نہ بات کر ، یہ بتا کہ قافلہ کیوں لٹا
مجھے رہزنوں سے گلہ نہیں تیری رہبری کا سوال ہے
357 total views