حرفِ دیوار

اکیسویں صدی علم و فن اور انسانی کمالات کے عروج کی صدی ہے۔ انٹرنیٹ نے ہماری اس وسیع و عریض دنیا کو ایک گلوبل ویلیج میں تبدیل کردیا ہے۔اس دور میں افکار و نظریات کی ترسیل کے لئے نہ کوئی سرحدی رکاوٹ باقی رہی اور نہ ہی سائنس و ٹکنالوجی کی کسی اڑچن کا عذر مانع ہے۔ ایسے میں ہم سب کی کوشش ہونی چاہئے کہ ہم ایک دوسرے کے مثبت اور تعمیری افکار و خیالات سے استفادہ کریں اور اپنی زندگی کو بامعنیٰ بنانے کے ساتھ اپنے سماج اور پوری انسانی برادری کے لئے سکون و شانتی اور امن و سلامتی سے معمور ایک حسین اور تازہ جہاں آباد کریں۔ ان ہی بلند مقاصد کی تکمیل کے لئے جدید ٹکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ”نوشتہ دیوار“کے نام سے ایک منفرد نیوز پورٹل کا آغاز کیا جارہا ہے۔

”نوشتہ دیوار“آپ کا اپنا نیوز پورٹل ، آپ کے حوالے ہے۔ اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس پورٹل کو سینچیں،سنواریں اور کامیابی کے اوج ثریا تک پہنچائیں۔ ”نوشتہ دیوار “ایک ضرب المثل ہے جس کا مفہوم ہے ایسی سنگین صورت حال جسے ٹالا نہ جاسکے۔ ایک نیک فال کے طور پر اس ویب پورٹل کا نام نوشتہ دیوار رکھا گیا ہے تاکہ ایسے حادثات و واقعات اور خطرات و مصائب جن کو ٹالنا ممکن نہ ہو تو کم از کم ان کے تہذیبی وثقافتی اور سماجی وسیاسی پس منظر وپیش منظر کا ادراک کرکے اوران کا احساس دلاکر ان کی سنگینیوں کو ہلکا ضرور کیا جاسکے۔


ہمیں قدم قدم پر آپ قارئین باتمکین کے مشوروں کی ضرورت پڑے گی، تاکہ ہم اس ویب پورٹل کو بہتر سے بہتر اور معیاری بناسکیں اور وقت اور حالات کے لحاظ سے اسے اپڈیٹ بھی رکھ سکیں۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہر قاری اور ہر ناظر کے اقتراح اور مشورے کو ملحوظ رکھا جائے اور حتی الامکان ان کے مفید مشوروںپر عمل بھی کیاجائے ۔ بس آپ سے مخلصانہ گزارش ہے کہ اس ویب پورٹل کو درخور اعتنا سمجھیں، اس کے تبصروں،کالموں،مضامین اور فیچرس کو خود پڑھیں اوراگرہماری کاوشیں آپ کو معیاری اور قوم وملت اور انسانیت کے لیے مفیدلگیںتو خیررسانی کے مبارک جذبے سے اپنے حلقہ احباب اور خویش و اقارب کو بھی آمادہ کریں کہ وہ اس نیوز پورٹل کی جانب اپنی گراں قدر توجہات مبذول فرمائیں۔
اس نوزائیدہ ویب پورٹل کے مشتملات کے معیار ومحاسن کے بارے میں زیادہ کچھ کہنا قبل از وقت اور اپنے منہ میاں مٹھو بننے کے مترادف ہوگا البتہ اتنا ہمیں اپنے باوقار قارئین سے کھلے دل سے وعدہ کرنے میں کوئی باک نہیں کہ اس ویب پورٹل میں ہر ایک قاری کے لئے کچھ نیا ہوگا۔خواتین و اطفال کا علاحدہ گوشہ ہوگا۔تعلیم و تربیت،ادب وثقافت، صحافت وسیاست،اہم مقامی و بیرونی واقعات وحوادث، کھیل کود، تجارت و معیشت اورافکار و نظریات وغیرہ پر مفید و کارآمدتبصروں،کالموں، مضامین اور فیچرس کا حسین سلسلہ ہوگا جس سے قارئین کرام حسب ذوق وتوفیق استفادہ کرسکیں گے۔
”نوشتہ¿ دیوار“ ایک کثیرالمقاصدویب پورٹل ہے اور اسے نہایت بلند اور مبارک سوچ کے تحت شروع کیا گیا ہے۔یہاں اختلافی مسائل کو جگہ دے کر نہ تو ویب پورٹل کی جھوٹی تشہیر کا سامان ہو گااور نہ کسی درجے میں عظیم دینی، علمی، سماجی اور سیاسی شخصیات کو زینہ بناکر بلندی حاصل کرنے کی ناروا ومذموم کوشش راہ پاسکے گی ۔بس آپ قارئین کے ذوق و شوق اور مفید مشوروںکے سہارے رفتہ رفتہ آگے بڑھنے کی کوشش کی جائے گی۔ نوشتہ¿ دیوار ایک خواب ہے جسے قوم و ملت کے لئے دیکھاگیا ہے۔اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کس قدرکامیابی حاصل ہوتی ہے ؟یہ وقت اور حالات اور آپ کے مخلصانہ مشوروں اور تعاون پرمنحصر ہے۔
بہرحال، ابتدائیہ کو مختصر رکھتے ہیں۔ہماری کوشش ہوگی کہ آئینہ ایام کے عنوان سے وقتاََ فوقتا آپ سے مختصر لیکن مفید و کارآمد گفتگو کی جائے، زندگی کو حسین و بامعنی بنانے کی سعی کی جائے اور بلند پروازی کے گڑ بھی سیکھے جائیں ۔ ان شاءاللہ۔
ٹیم نوشتہ دیوار ویب پورٹل

 699 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے