غلام نبی آزاد کا کانگریس سے استعفیٰ، 5صفحات پر مشتمل خط لکھ سونیا گاندھی کو بھیجا استعفیٰ

غلام نبی آزاد

 کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے تقریباً پانچ دہائیوں تک کانگریس میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد آج پارٹی کو الوداع کہتے ہوئے کانگریس کی بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا۔

غلام نبی آزاد نے اپنے پانچ صفحات پر مشتمل خط میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی پر سخت تنقید کی ہے ۔ غلام نبی آزاد نے آئرن لیڈی اندرا گاندھی سے لے کر کانگریس کی موجودہ عبوری صدرسونیا گاندھی تک گاندھی خاندان سے اپنے قریبی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو ایک تفصیلی خط لکھ کر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے تمام عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔غلام نبی آزاد نے اپنے تفصیلی خط میں  گاندھی خاندان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہےکہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی، سابق پارٹی لیڈر سنجے گاندھی اور ملک کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے ساتھ ان کے بہت قریبی تعلقات رہے ہیں۔ انہوں نے محترمہ گاندھی کی قیادت کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اپنے کام کی وجہ سے وہ ان کے بھی معتمد رہے۔

خط میں راہل گاندھی پر سخت حملہ کرتے ہوئے، غلام نبی آزاد نے کہا،’’آپ کی قیادت میں پارٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی تھی لیکن بدقسمتی سے جب سے پارٹی میں مسٹر راہل گاندھی کی انٹری ہوئی اور خاص طور پر 2013 کے بعد جب آپ نے ان کو پارٹی کا نائب صدر مقرر کیا، انہوں نے پارٹی میں باہمی مشورے اور گفت و شنید کے سلسلے کی روایت کا خاکہ ہی تباہ کر دیا۔ انہوں نے پارٹی کی قیادت کا جب سے باگ ڈور سنبھالا ہے سبھی عمردراز لیڈروں کو کنارہ کردیا ہے اور خوشامد کرنے والے لوگوں کو خود سے قریب کرلیا ہے۔

غلام نبی آزاد یوں تو کافی عرصے سے پارٹی سے ناراض بتائے جارہے تھے  اور انہوں نے کانگریس کے ناراض لیڈران کے ساتھ مل کر جی 23 گروپ بھی تشکیل دی تھی لیکن  کانگریس نے انہیں راجیہ سبھا نہیں بھیجا تھاتو ان کی ناراضگی جگ ظاہر ہوگئی تھی ۔ ابھی کچھ دن قبل آزاد نے کشمیر میں پارٹی کی مہم کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ادھر آزاد کے استعفیٰ پر کانگریسی لیڈران نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ جے رام رمیش نے اسے بدبختانہ اور افسوسناک قرار دیا ہےتو راجیہ سبھا رکن عمران پرتاپ گڑھی نے غلام نبی آزاد کے ذریعہ اٹھائے گئے اس قدم پر انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ راجیہ سبھا سے وداعی کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے آنسو بہائے تھے اس کا قرض اتارا ہے۔ اسی طرح راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ آزاد جی کو کانگریس نے سب کچھ دیا لیکن جب کانگریس کی خدمت کا موقع آیا تو آپ نے کانگریس قیادت پر الول جلول لکھ کر خود کو کانگریس سے الگ کرلیا۔ سچن پائلٹ نے بھی غلام نبی آزاد اور راہل گاندھی پر کئے گئے ان کے تبصروں پر ان کی تنقید کی اور اسے غیر مناسب قرار دیا۔

 415 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے