مسلم پرسنل لا بورڈ کے موجودہ سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے کارگزار جنرل سیکریٹری کے طور پر نامزد کیا گیا گیا۔واضح ہوکہ مولانا سید محمد ولی رحمانی کے سانحہ ارتحال سے خالی ہوئے جنرل سیکریٹری کے عہدے کے لئے آپ کو نامزد کیا گیا ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی نے اراکین مجلس عاملہ کے نام جاری ایک خط میں اس بات کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے بورڈ کے لیٹر ہیڈ پر لکھا ہے کہ ’’حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی ؒ ۰جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی وفات کو ہم سب بڑا سانحہ محسوس کرتے ہیں، آپ حضرات کو بھی یہی صدمہ ہوا ہوگا جو مجھے ہوا ہے، اللہ تعالیٰ اس خسارہ کا نعم البدل عطا فرمائے، ہم سب ان کے لیے رفع درجات عظیم کی دعا کرتے ہیں۔ ضرورت اور کام کے تقاضوں کے لحاظ سے قائم مقام جنرل سکریٹری کی تعین کی فوری ضرورت ہے۔ بورڈ کا انتخابی جلسہ چند ماہ میں ہونے والا ہے، جنرل سکریٹری کا اصل انتخاب اسی جلسہ میں ہوگا۔ عارضی طور پر میں بحیثیت صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، شریعت وملت کے کاموں میں معروف شخصیت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی (موجودہ سکریٹری بورڈ) کو قائم مقام جنرل سکریٹری مقرر کرتا ہوں۔ بورڈ کا دفتر ان سے رابطہ رکھے اور حسب معمول ان کے مشورے سے کام کرے‘‘۔
مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اس فوری اقدام سے جہاں ایک طرف اس بات کی ستائش ہورہی ہے کہ مولانا رابع حسنی ندوی نے اس مشکل وقت میں بروقت فیصلہ لے کر نہایت ہی مناسب اقدام کیا ہے لیکن اس بات پر کچھ حلقوں میں مایوسی کا اظہار کیا جارہا ہے کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر موصوف نے جنرل سیکریٹری کے انتخاب کے لئے میٹنگ کے انعقاد کا کوئی ماہ یا تاریخ نہیں بتائی ہے، حالانکہ مسلم پرسنل لاء کے ذمہ داران کو اس جیسے عظیم مسئلے کی تعیین میں ہنگامی صورت پر میٹنگ طلب کرکے جنرل سیکریٹری کا انتخاب کرنا چاہئے تھا۔
بعض لوگوں نے سوشل سائٹس پر ان خیالات کا اظہار کیا ہے اور ذمہ داران مسلم پرسنل لاء بورڈ سے اس بات کی امید کی ہے کہ’’چند ماہ‘‘کی مدت بہت دراز نہیں ہوگی بلکہ مسلم پرسنل لاء کو جلد ہی کوئی وزنری اور جہاں دیدہ جنرل سیکریٹری مل جائے گا.
463 total views