معروف عالم دین مولانا صفی احمد مدنی کا انتقال پرملال

صوبائی جمعیت اہل حدیث متحدہ آندھراپردیش کے سابق امیر،مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سابق رکن عاملہ وشوری،علماء بورڈ صوبہ تلنگانہ کے صدر،جنوب ہند کی مشہور دینی و علمی شخصیت ،معروف عالم دین ومربی ،ممتاز قلم کار،اور معتبر خطیب مولانا صفی احمد عمری مدنی صاحب کا آج صبح نو بجے اچانک سوگر لیبل کم ہونے کے سبب بعمر تقریبا 65 سال آبائی وطن حیدرآباد میں انتقال ہوگیا۔انا لله وانا إليه راجعون.

مولانا صفی احمد مدنی صاحب ایک باصلاحیت عالم دین تھے ۔آپ نےجامعہ دارالسلام عمر آباد اور جامعہ اسلامیہ مدینہ طیبہ میں ممتاز اساتذہ کرام سے اکتساب فیض کیا اور جامعۃ البنات حیدرآباداور جامعۃ الفلاح حیدرآباد میں تدریسی خدمات انجام دیں۔آپ نے نئی نسل کی تعلیم وتربیت کے لیے شاہین نگر حیدرآباد میں جامعہ سلفیہ کے نام سے ایک ادارہ بھی قائم کیا۔ آپ ایک کامیاب مدرس ومربی اور مسجد محبوبیہ اہل حدیث چنچل گوڑا کے مستقل خطیب تھے۔کئی اہم کتابوں کے مصنف اور مترجم بھی تھے۔اپنے اعلی اخلاق ،ملنسارانہ خو،اخلاص اور علمی تفوق کی وجہ سے بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے، ملی حلقے میں بھی کافی مقبول تھے اور ملی پروگراموں میں جماعت کی نمائندگی کرتے تھے۔جماعتی غیرت و حمیت سے سرشار تھے اور جماعتی پروگراموں میں بڑے اہتمام سے شرکت کرتے تھے۔مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے کاز سے کافی دل چسپی رکھتے تھے اور آل انڈیا کانفرنسوں اورجب تک رکن عاملہ وشوری رہے اجلاس عاملہ وشوری میں پابندی کے ساتھ شریک ہوتے تھے۔دعوت وتبلیغ سے ان کو بڑی دل چسپی تھی۔کل شب کی ہی بات ہے جب آپ نے ایک دینی اجلاس کی صدارت کی اور اس طرح عمر عزیز کا آخری حصہ بھی اسی لیلائے دعوت کو نچھاور کردیا۔مولانا کافی عرصہ سے سوگر کے مریض تھے،کچھ دنوں پہلے بھی شدید علیل ہوئے تھے مگر صحت یاب ہوگئے تھے۔لیکن موت کا وقت تو معین ہے اور آج صبح داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔

آپ جماعت و جمعیت اور ملت کے بڑے اثاثہ تھے۔آج افسوس کہ جماعت وملت ایک کہنہ مشق مدرس ومقرر ،داعی ومربی اور مصنف ومترجم سے محروم ہو گئی۔پسماندگان میں اہلیہ محترمہ،دو صاحبزادے عزیزم سعید سلمہ اورعزیزم خالد سلمہ اور چار صاحبزادیاں ہیں۔ان کے جنازے کی نماز آج ہی بعد نماز مغرب ادا کی جائے گی۔ان شاءاللہ۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے،خدمات کو قبول کرے،جنت الفردوس کا مکین بنائے ,پسماندگان ومتعلقین کو صبر جمیل کی توفیق بخشے اور شہری اہل حدیث حیدرآباد وسکندر آباد،صوبائی جمعیات اہل حدیث تلنگانہ و آندھرا پردیش کو ان کا نعم البدل عطا فرمائےآمین۔

 1,168 total views

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے