انسان کے جسم سے پسینے کانکلنا ایک قدرتی عمل ہے جس سے جسم کا درجہ حرارت معتدل رہتا ہے لیکن یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ سردی جیسے خشک موسم میں جب ہاتھوں اور پاؤں کی نمی کو برقرار رکھنے کے لئے موئسچرائزر اور کولڈ کریموں کا استعمال کیا جاتا ہے وہیں بعض افراد اپنے ہاتھوں اور پیروں سےزیادہ نکلنے والے پسینے کے سبب پریشان نظر آتے ہیں۔دوسرے الفاظ میں یوں کہہ سکتے ہیں کہ موسم کی مناسبت کے بغیر بھی ان کے جسم سے پسینہ عام لوگوں کی بہ نسبت زیادہ نکلتا ہے دراصل ایسے لوگوں میں عام لوگوں کے مقابلے جسم میں پسینہ خارج کرنے والے غدود زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔
عموماً ان افراد کو اس مسئلے کا سامنا جسم کے ایک یا دو حصوں میں ہوتا ہے جیسے بغلیں، ہتھیلی یا پیر اور ان حصوں سے اگر پسینہ ضرورت سے زیادہ نکلے تو یہ ایک تشویشناک بات ہے۔
۱۔ ہاتھوں پیروں سے زیادہ پسینے کانکلنا
ماہرین صحت ہاتھوں اور پیروں سے اضافی پسینہ نکلنے کی بیماری کو “ہائپر ہائیڈ روسس “کا نام دیتے ہیں اس میں جسم میں پسینہ خارج کرنے والے غدود زیادہ متحرک ہوجاتے ہیں۔ یاد رہے کہ زیادہ پسینے آنے کا عمل موروثی بھی ہوسکتا ہے نیز بہت زیادہ ذہنی دباؤ، ڈپریشن اور پینک اٹیک بھی اس کا سبب بن سکتے ہیں۔
۲۔ہائپر ہائیڈ روسس کن علامات کو ظاہر کرتا ہے؟
اگر آپ ہائپر ہائیڈروسس کے شکار ہیں تو اس پر سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ بہت زیادہ پسینے کا ظاہر ہونا یا اس کا اضافی اخراج جسم میں کسی بیماری کی علامات بھی ہوسکتے ہیں جیسا کہ خون میں شوگر کی کمی، تھائی رائیڈ گلینڈز کا اضافی ہارمون پیدا کرنا، دل کا دورہ، اعصابی نظام میں بدنظمی وغیرہ ان تمام مسائل سے بچنے کے لیے احتیاط اور فوری علاج دونوں ضروری ہوتے ہیں۔ یہاں اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ اکثر ہمارے جسم میں آئیوڈین کی کمی کے باعث جسم سے پسینہ زیادہ نکلنے لگتا ہے۔ ضروری ہے کہ اپنی غذا میں آئیوڈین والی غذائیں شامل کی جائیں جیسے انڈے، مچھلی، دودھ، دہی، چیز وغیرہ۔
گھریلو ٹوٹکوں سے علاج
آج کی جدید میڈیکل سائنس نے ہائپر ہائیڈروسس کا علاج بھی دریافت کرلیا ہے اور اس پریشانی میں مبتلا افراد علاج سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ لیکن اس کے تدارک کے لئے کچھ گھریلو ٹوٹکے بھی ہیں، جن پر عمل کر کے وقتی طور پر اس پریشانی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ یہ ٹوٹکے کیا ہیں؟ آئیے ان ٹوٹکوں کے تعلق سے جانکاری حاصل کرتے ہیں:
بے بی پاؤڈر(بچوں کا پاوڈر) کا ہاتھوں اور پیروں پراستعمال پسینے کو روکنے کا سب سے آسان ذریعہ ہے۔ وہ انسان جسے ٹھنڈ کے موسم میں بھی زیادہ پسینے آتے ہوں اسے چاہئے کہ وہ بچوں کے جسم پر لگائے جاے والے پاؤڈر کا استعمال کرے جسے عموماً بے بی پاؤڈر کہا جاتا ہے تاکہ یہ نمی کو جذب کرکے ہتھیلیوں اور تلوں کو خشک رکھ سکے۔
ایک اور مفید طریقہ اپنا سکتے ہیں وہ ہے سیب کا سرکہ۔ کیونکہ یہ جسم کے پی ایچ کے درجے کو برابر کر کے جلد کے مساموں سے اضافی پسینے کے اخراج کی روک تھام کرتا ہے۔
۳۔ بیکنگ سوڈااگر تھوڑے سے گرم پانی میں دو سے تین چمچ مکس کرکے اس میں 10 منٹ تک ہاتھوں اور پیروں کو ڈبو کر رکھیں تو روزانہ اس عمل کو کرنے سے پسینے کے مسائل سے بچا جاسکتا ہے۔
1,233 total views