:نئی دہلی
مغربی چمپارن، بہار میں واقع جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ میںیوم جمہوریہ کی مناسبت سے مختلف تعلیمی و ثقافتی پروگرام منعقد کئے گئے جس میں اس سوسائٹی کے ماتحت چلنے والے لڑکوں کے ادارہ جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ برندابن اور لڑکیوں کے ادارہ کلیہ عائشہ للبنات کا جشن یوم جمہوریہ کی مناسبت سے مشترکہ پروگرام منعقد ہوا جس میں طلباء و طالبات نے مختلف موضوعات پر تقاریر،متعدد تمثیلات، حمد، نعت، تلاوت کلام پاک اورحب الوطنی سے سرشار متعدد پروگرام پیش کئے جسے سامعین نے بے حد پسند کیا اور دل کھول کر جامعہ و کلیہ کے طلباء و طالبات کی ہمت افزائی فرمائی۔رابعہ علی حسین، رضیہ محمد کامل اور فرحت بدرالحسن نے اردو، فاطمہ حسین اور نصرت انظارنے انگریزی، روبی شہنواز اور گل افشاں جمشید عالم نے ہندی متعدد موضوعات پر مفید تقاریر پیش کئے۔ اس کے علاوہ عطیہ زین الدین، شائستہ محمد الدین، شاذیہ، ناجیہ، ام حبیبہ ، ریفہ وغیرہم نے بھی متعدد پروگرام پیش کئے۔
پروگرام کی ابتداء علاقہ کے معروف سماجی شخصیت جوادحسین صاحب کے بدست پرچم کشائی کے ذریعہ ہوئی۔ بعد ازاں، کلیہ کی تین طالبات فرحت، ساجدہ اور صفیہ نے ترانۂ ہندی ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ پیش کیا۔ اس کے بعد سلمیٰ اور رابعہ نامی دو طالبات نے قومی گیت’’جن گن من ادھی نایک جئے ہو‘‘ کومترنم آواز میں پڑھا۔
اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر ظہیر احمد جھمکاوی نے کہا کہ آج ہم یوم جمہوریہ کا جشن منارہے ہیں اور شاداں و فرحاں ہیں کہ ہمارا دیش آئینی اعتبار سے خودمختار ہوا۔ وطن عزیز دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے ۔ ہمارے ملک کے آئین کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ سیکولر بنیادوں پر استوار ہے۔ انسان مذہب کے اختیار اور مذہبی رسوم کی ادائیگی کے تعلق سے آزاد ہے۔لیکن ہر حال میں دستور ہند کا پابند ہے۔
ماسٹر موصوف نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم سبھی لوگوں کو اپنے ملک کے تئیں وفادار بننے کی ضرورت ہے، ملک سے محبت کو اپنے سینے میں بسانے اور اس کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی ضرورت ہے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم وطن کے آئین کا پالن کریں گے اور منمانے ڈھنگ سے زندگی گزارنے سے گریز کریں گے ۔
جشنِ جمہوریہ کی مناسبت سے منعقدہ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا علاؤ الدین فیضی نے سامعین کے سامنے جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ کے ماتحت انجام پارہے تعلیمی، رفاہی، سماجی اور اغاثی کاموں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ آپ کا یہ محبوب جامعہ قومی تہواروں کو پورے جوش و خروش سے مناتا ہے۔
مولانا نے مزید کہا کہ جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ اسی کے دہے سے علاقہ میں تعلیم کے فروغ میں سرگرداں ہے۔ ادارہ کے بانی جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ اور اس کے چیئرمین مولانا محمد اظہر مدنی کو اللہ جزائے خیردے کہ انہوں نے بنیادی سہولیات سے محروم اس علاقہ میں ایسامثالی ادارہ قائم کیا ہے کہ جہاں آپ کے نونہالان علمی تشنگی بجھاتے ہیں۔
اس موقع پر جامعہ ابوبکر الصدیق الاسلامیہ کے چیئرمین مولانا محمد اظہر مدنی نے بھی اس پروگرام سے ٹیلی فونک خطاب کیا اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا کہ وہ جامعہ کے اس پروگرام میں شریک ہوئے اور اسی طرح مولانا نے ادارہ کے جملہ وابستگان کی کوششوں کو سراہا، طلباء کی ہمت افزائی کی اور کہا کہ مستقبل کے رجال کار آپ ہیں۔ آپ خوب محنت سے تعلیم حاصل کریں تاکہ کل جب وطن کی ذمہ داری آپ کے ہاتھوں میں ہو تو صحیح سمت یہ دیش بڑھے اور ترقی کے خوب منازل طے کرے۔
مولانا مدنی نے مزید کہا کہ جشن جمہوریہ کے اس پروگرام میں آپ کے پروگراموں کو دیکھ کر آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ ہم مسلمان اپنے تعلیمی اداروں میں دینی و عصری تعلیم تو دیتے ہی دیتے ہیں لیکن وطن کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو ہرگز فراموش نہیں کرتے بلکہ دین و وطن کے مابین کھائی ڈالنا یا دونوں کو ایک دوسرے کے مخالف بتانادرست نہیں ہے۔ انسان جس دھرتی پر پیدا ہوتا ہے اس سے فطری الفت و لگاؤ ہوتا ہے۔ اللہ کے رسولﷺ کی زندگی دیکھیں مکہ میں ہیں تو ہجرت کے موقع سے مکہ کے چھوڑجانے کا ڈر اور مدینہ پہنچتے ہیں اور اسے اپنا مسکن بناتے ہیں تو اس کے درو دیوار سے اس قدر الفت و محبت ہوجاتی ہے کہ اس کی برکت کے لئے دعائیں کرتے ہیں۔ان واقعات سے محققین علمائے کرام نے کہا ہے کہ وطن سے محبت کے ثبوت ہمارے دین میں ملتا ہے۔
بانیٔ جامعہ مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے دیس واسیوں کو مبارک باد دی اور قانون و دستور کو مضبوطی سے تھامنے کی تلقین کی اور دنیا کی اس عظیم ترین جمہوریت کی اہمیت کو نئی نسل میں منتقل کرنے کی تاکید کی۔
اس پروگرام میں قریہ برندابن اور اطراف و اکناف کے بہت سارے لوگ اور جامعہ کے تمام ہی مدرسین و معلمات شامل ہوئے جن میں مولانا آیت اللہ اصلاحی، مولانا شکیل احمد تیمی، ماسٹر نورالعین، مولوی شبیرعالم، ماسٹر ہارون وغیرہم اہم اور قابل ذکر ہیں۔
677 total views